اصولِ دین
توحید:۔
توحید کے بارے میں شیعہ عقیدہ یہ ہے کہ خدا وحدہ لاشرک ہے ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا، خالق،مالک،رازق، اس کے علاوہ کوئی نہیں۔ شیخ صدوق نے شیعہ عقائد پر مبنی انتہائی جامع رسالہ تحریر فرمایا ہے جو " اعتقادیہ" کے نام سے مشہور ہے۔ اس میں تحریر فرماتے ہیں۔
جاننا چاہیے کہ معرفت توحید کے بارے میں ہم شیعوں کا عقیدہ یہ ہے کہ اللہ واحد و یگانہ ہے کوئی چیز اس کی مانند نہیں۔ وہ ہمیشہ سے اسی طرح رہا ہے اور ہمیشہ ایسا ہی رہے گا بغیر کانوں کے سنتا ہے اور بغیر آنکھوں کے دیکھتا ہے وہ سب کچھ جانتا ہے وہ ایسا حکیم ہے کہ اس کا کوئی کام غلط نہیں۔ زندہ قائم و دائم عالم و قادر ہے اور ایسا غنی ہے کہ سب اس کے محتاج ہیں اور وہ کسی کا محتاج نہیں۔
توحید نہج البلاغہ کی روشنی میں:۔
مولا علی [ع] فرماتے ہیں:۔
میں گواہی دیتا ہوں کہ اس اللہ کے علاوہ کوئی معبود نہیں جو یکتا و لا شریک ہے۔ وہ اول ہے اس طرح کہ اس سے پہلے کوئی چیز نہیں وہ آخر ہے یوں کہ اس کی کوئی انتہاء نہیں۔
خطبہ نمبر ۸۳ ص ۲۱۰ ترجمہ مفتی جعفر حسین مرحوم"۔"
